14 جون 2015 - 18:03
صومالیہ میں الشباب گروہ کا سرغنہ ہلاک

صومالیہ میں فوجی کارروائی کے دوران الشباب دہشت گرد گروہ کے ایک سرغنہ کو ہلاک کر دیا گیا-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صومالیہ کے جنوبی علاقے باکول میں واقع شہر ہودور کے ڈپٹی میئر عدن عبدی محمد کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے الشباب گروہ کے سرغنہ قاسم شیخ کو محاصرہ کرکے ہلاک کر دیا-
ڈپٹی میئر کے بقول ہودور شہر کے قریب ایک گاؤں میں قاسم شیخ کے روپوش ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے کارروائی شروع کردی اور تھوڑی ہی دیر میں الشباب گروہ کے اس سرغنہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا- عبدی محمد نے کہا کہ قاسم شیخ القاعدہ سے وابستہ دہشت گرد گروہ الشباب میں شامل ہونے سے پہلے علاقے کا ایک سرکاری عہدیدار تھا-
قاسم شیخ کی ہلاکت، الشباب گروہ کے لئے ایک بھاری نقصان شمار ہوتا ہے- حال ہی میں سیکورٹی اہلکاروں کے حملوں میں اس گروہ کے متعدد اہم ارکان بھی ہلاک ہوئے ہیں- الشباب گروہ کے ایک سینیئر رکن احمد عبدی گودان کو گزشتہ ستمبر میں ہلاک کر دیا گیا تھا-
صومالیہ میں سنہ انیس سو اکانوے میں فوجی کمانڈروں کے ہاتھوں سابق ڈکٹیٹر زیاد بارے کا تختہ الٹنے کے بعد سیاسی کشیدگی اور خاص طور سے الشباب گروہ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا رہا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169